ایف اے ٹی ایف نے پاکستان سے متعلق رپورٹ جاری کر دی

08:09 AM, 7 Oct, 2019

اسلام آباد: ایشیا پیسیفک گروپ نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی سفارشات سے متعلق پاکستان کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف) کی 40 میں سے 36 تجاویز پر پیشرفت کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے اہم نکات پر مکمل، جزوی اور بڑے پیمانے پر پیشرفت دکھائی۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا آئندہ اجلاس 13 سے 18 اکتوبر تک پیرس میں ہو گا جس میں پاکستان کی درجہ بندی کا تعین کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو اکتوبر 2019 تک ایکشن پلان پر عمل کرنے کا وقت دیا گیا تھا۔ اس سے قبل گزشتہ جون میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کی جانب سے ایکشن پلان پر اٹھائے گئے اقدامات پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جانب سے پاکستان کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کو روکنا، حساس نوعیت کے کیسز کی نگرانی بڑھانے اور غیر قانونی سرمایہ اور جائیداد کی منتقلی کی نگرانی سخت کرنے جیسے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں