کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین سے پی ٹی آئی رہنما لیاقت علی جتوئی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سیہون جلسے اور سندھ کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا عمران خان سندھ کے لوگوں کو ظلم کے خلاف جگانے بار بار سندھ آئیں گے، پیپلزپارٹی کی حکومت میں سندھ کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں۔ انہوں نے کہا سندھ کو پیپلز پارٹی نے دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے، سندھ میں تحریک انصاف مضبوط ہو رہی ہے۔
ملاقات میں لیاقت جتوئی کا کہنا تھا عمران خان سندھ سے محبت کرتے ہیں، عمران خان بار بار سندھ آئیں گے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کا منشور سوا کرپشن کے کچھ نہیں، ایک ٹولہ سندھ کے وسائل کو لوٹنے میں مصروف ہے، عمران خان سندھ کے ایک ایک شہر گاوں میں جائیں گے، مزید جلسے اور رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔
لیاقت علی جتوئی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ اب پیپلزپارٹی سے نجات حاصل کرنے کے لیے تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔