چین کی وجہ سے دنیابھر میں گدھوں کی آبادی کو شدید خطرہ لاحق

چین کی وجہ سے دنیابھر میں گدھوں کی آبادی کو شدید خطرہ لاحق

بیجنگ:دنیا بھر میں گدھوں کی آبادی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ اس کی وجہ چین میں ان کے چمڑے کی زبردست مانگ ہے جس کا وہ کھانے بنانے اور روایتی ادویات تیار کرنے میں استعمال کر رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گدھوں کا گوشت بھی چین میں مقبول ہیں لیکن چین میں ان کی تعداد کم ہو گئی ہے اور سپلائرز اس کی تلاش میں دوسری جگہوں کا رخ کر رہے ہیں۔

ان کی تعداد میں کمی کا ایک سبب ان کی افزائش نسل میں کمی بھی ہے۔اس کے سبب بطور خاص غریب افریقی شہریوں کو شدید دقت کا سامنا ہے کیونکہ گدھے نقل و حمل اور کاشت کاری میں ان کی زندگی کا اہم حصہ ہیں۔گذشتہ چند سالوں میں بعض جگہ گدھوں کی قیمت دگنی ہو گئی ہے۔ جہاں چوروں کی چاندی ہے وہیں غریب کاشت کار نیا جانور خریدنے کے اہل نہیں ہیں۔

کینیا میں گوشت کے تین پلانٹس کی وجہ سے گدھوں کی مانگ اور قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ایک پلانٹ میں روزانہ ڈیڑھ سو جانوروں کا گوشت تیار کیا جاتا تھا۔ان کا گوشت اور چمڑہ حاصل کرنے سے قبل ان کے سر پر بولٹ گن ماری جاتی ہے۔سٹار بریلیئنٹ ڈنکی ایکسپورٹ پلانٹ کے چیف ایگزیکٹو جان کاریوکی نے کہاکہ کینیا ہی نہیں بلکہ افریقہ میں انھیں سب سے پہلے گدھوں کے گوشت کا پلانٹ کھولنے کا سرکاری پرمٹ ملا تھا۔

ان کے مطابق اب لوگ گائے سے زیادہ گدھے بیچ رہے ہیں۔انھوں نے کہاکہ ہم چین سے خوش ہیں کیونکہ اس سے قبل گدھوں سے کوئی آمدنی نہیں ہوتی تھی اور اب لوگوں کو گدھوں سے بہت فائدہ ہو رہا ہے۔