ایشوریا نے فلم ’فینی خان‘ کی شوٹنگ سے انکار کر دیا

01:09 PM, 7 Oct, 2017

ممبئی: میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز فلم کی شوٹنگ کا آغاز کیا گیا تو ایشوریا نے اپنے فلمی لباس سے مطمئن نہ ہونے کے باعث شوٹنگ سے ہی انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیزائنر نے ان کے کردار کے مطابق لباس تیار نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے وہ یہ شوٹنگ نہیں کریں گی۔ اداکارہ نے اپنے کردار کے لیے عروسی اور جھل مل کرتے اسٹائلش  لباس کو ترجیح دی تاکہ وہ گلیمر انداز میں جلوہ گر ہوں۔ فلم فینی خان کے ملبوسات کے لیے بھارت کے مشہور فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا کو منتخب کیا گیا ہے جو ایشوریا کو خوش کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منیش ملہوترا ایک تجربہ کار اور بہترین ڈیزائنر ہیں۔ وہ گزشتہ ماہ سے دبئی کے شوز اور دیگر مختلف شوز میں مصروف ہیں جس کے باعث وہ ایشوریا کے فلمی لباس پر خاص توجہ نہیں دے سکے ہیں۔ دوسری جانب ہدایت کار اوم پرکاش مہرا اور فلم ساز پریرنا اڑورا کو ایشوریا کے رویے پر کافی حیرانی ہوئی تاہم فلم کی دوبارہ شوٹنگ ایشوریا کے مالدیپ سے واپسی کے بعد ہی شروع کی جائے گی۔

یاد رہے فلم ساز کرن جوہر کی فلم ' اے دل ہے مشکل' کے بعد ایشوریا اب راکیش اوم پرکاش مہرا کی فلم 'فینی خان' میں مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گی جس میں ان کے ہمراہ انیل کپور اور راج کمار راؤ شامل ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں