لاہور: تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے اور پارٹی رہنماؤں فردوس عاشق اعوان اور عثمان ڈار آمنے سامنے آ گئے۔ فردوس عاشق اعوان نے چند روز قبل عہدے داروں کے خلاف سیالکوٹ میں ہونے والے پارٹی کنونشن میں سنگین الزامات لگائے تھے جس پر سیالکوٹ کے پارٹی عہدیدار شدید برہم ہو گئے۔
فردوس عاشق اعوان نے الزام لگایا ہے کہ عثمان ڈار اثر و رسوخ کی بنا پر آگے آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کے الزامات پر تحریک انصاف سیالکوٹ کے صدر عثمان ڈار برہم ہو گئے اور انہوں نے معاملہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے سامنے اٹھا دیا۔
عثمان ڈار نے عمران خان سے شکایت کرتے ہوئے فردوس اعوان کو ٹکٹ نہ دینے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ ذرائع کے مطابق عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے اسد عمر کی موجودگی میں تنقید کر کے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچایا اور خود نمائی کے لیے پارٹی عہدیداروں پر من گھڑت الزامات لگائے۔
ذرائع کے مطابق صدر پی ٹی آئی سیالکوٹ عثمان ڈار اور دیگر عہدیداروں نے فردوس عاشق کے خلاف ڈسپلنری کمیٹی میں درخواست دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے جب کہ اس حوالے سے عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ انہوں نے ڈسپلنری کمیٹی سے کارروائی کی مشترکہ درخواست تیار کر لی ہے۔
یاد رہے کہ فردوس عاشق اعوان این اے 111 سیالکوٹ سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ کی امیدوار ہیں اور انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں