اسلام آباد: ایڈمرل ذکاء اللہ کی مدت ملازمت مکمل ہونے پر وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی کمان سنبھال لی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ صدر مملکت نے 3 اکتوبر کو ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو بحریہ کا نیا سربراہ مقرر کیا تھا۔
سبکدوش ہونے والے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے نئے امیر البحر کو کمان سونپی۔ پاک بحریہ کے 16ویں نامزد امیر البحر وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی نوجوان کیڈٹ کی حیثیت سے 1979 میں سمندری محافظوں کی صف میں کھڑے ہوئے۔
پاکستان نیول اکیڈمی اور بریٹینا رائل کالج برطانیہ سے ابتدائی تربیت کے بعد1981ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنی پیشہ وارانہ قابلیت اور مہارت پراعزازی شمشیر حاصل کی۔ 1989ء میں رائل آسٹریلین کالج سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے وار اسٹیڈیز میں ایم ایس سی کی۔
وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے 25ویں تباہ کن سکواڈرن، 21 ویں مائنز سکواڈرن اور آبدزوں کی کمان کی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ ، ڈائریکٹر جنرل میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ، منصوبہ بندی اور آپریشنز کے معاون رہ چکے ہیں۔
2010ء میں بین الاقوامی کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کی کمان کی۔ فلیگ آفیسر کمانڈنگ پاک میرینز، کمانڈر کراچی کوسٹ، کمانڈر لاجسٹکس، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور جون 2017ء کو پاک بحریہ کے چیف آف اسٹاف مقرر ہوئے۔
وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی سطح آب اور زیر آب جنگی حکمت عملی کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف عہدوں پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ا ٓپ کی غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں آپ کو ہلالِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں