لاہور: پاکستان شوبز کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے ہنی ٹریپ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ کیس کی ملزمہ آمنہ عروج کی والدہ نے لاہور ہائیکورٹ میں ایف آئی اے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست میں آمنہ عروج کی والدہ نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے آمنہ عروج کا بیان ریکارڈ کرنے اور ایف آئی اے کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا، مگر متعدد بار ایف آئی اے سے رجوع کرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ ایف آئی اے نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی ہے، جس کی وجہ سے ملزمہ کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔
ملزمہ کی والدہ نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ایف آئی اے کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اور عدالتی حکم پر عملدرآمد کرایا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ یہ کیس اس وقت توجہ کا مرکز ہے کیونکہ ہنی ٹریپ اسکینڈل میں کئی مشہور شخصیات بھی ملوث ہیں، جن میں خلیل الرحمٰن قمر کا نام بھی شامل ہے۔