سڈنی: آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگانے کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے اس اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ قوانین اگلے ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا مقصد سوشل میڈیا کے بچوں پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کو کم کرنا ہے، خاص طور پر ذہنی صحت کے حوالے سے۔
انتھونی البانیز نے کہا کہ یہ فیصلہ والدین کی فکر کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جو اپنے بچوں کی آن لائن حفاظت کے بارے میں فکر مند ہیں۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ یہ اقدام والدین کو یہ پیغام دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے کہ حکومت بچوں کی حفاظت کے لیے سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اس قانون پر مزید تفصیلات پر ابھی بھی بات چیت جاری ہے۔ جن بچوں کو والدین کی اجازت حاصل ہوگی، ان پر یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔ حکومت نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ یہ پابندی سوشل میڈیا پر پہلے سے موجود نوجوانوں پر لاگو نہیں کی جائے گی۔
آسٹریلوی حکام کا ماننا ہے کہ سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال نے بچوں کی ذہنی اور جذباتی صحت پر منفی اثرات ڈالے ہیں، اور اس پابندی کا مقصد ان اثرات کو کم کرنا اور بچوں کو ایک محفوظ آن لائن ماحول فراہم کرنا ہے۔