اٹلی: موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے دنیا بھر میں فضائی معیار انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے، اور اب اٹلی نے ایک منفرد قدم اٹھاتے ہوئے تازہ اور خالص ہوا کو کین میں بند کر کے فروخت کرنا شروع کر دیا ہے۔ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی آلودگی نے لوگوں کو صاف اور قدرتی ہوا کی کمیابی کا سامنا کرایا ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اٹلی نے اپنی مشہور جھیل کومو کی ہوا کو "خالص ہوا" کے طور پر بیچنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اٹلی کی کمیونیکیشن کمپنی "اٹلی کمیونیکا" نے جھیل کومو کی تازہ اور قدرتی ہوا کو 400 ملی لیٹر کے کین میں بند کر کے فروخت کرنا شروع کر دیا ہے۔ یہ ہوا 100 فیصد تصدیق شدہ ہے اور اس کی قیمت فی کین 11 ڈالرز رکھی گئی ہے۔
جھیل کومو ایک نہایت خوبصورت اور قدرتی مقام ہے، جو نہ صرف اٹلی کے شہریوں بلکہ دنیا بھر کے سیاحوں میں مقبول ہے۔ ہر سال لاکھوں سیاح یہاں آ کر اس خوبصورت مقام کی فضاؤں کا لطف اٹھاتے ہیں۔ 2023 میں 5.6 ملین سے زیادہ سیاحوں نے اس جھیل کا دورہ کیا، اور یہ تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔
کمپنی نے جھیل کومو کی سیاحت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف ہوا کے کین فروخت کرنا شروع کر دیے ہیں بلکہ اس مقام کی مارکیٹنگ کے لیے ایک ای کامرس سائٹ بھی قائم کی ہے، جس کے ذریعے لوگ آن لائن یہ کین خرید سکتے ہیں۔
جھیل کومو اپنی قدرتی خوبصورتی اور مشہور شخصیات کی رہائش گاہوں کی بدولت حالیہ برسوں میں عالمی سطح پر مزید مشہور ہوا ہے۔ یہاں Casino Royale اورHouse of Gucciجیسی مشہور ہالی ووڈ فلموں کی شوٹنگ بھی ہو چکی ہے، جس سے اس مقام کی شہرت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔