بانی پی ٹی آ ئی کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات نہ کرانے کا معاملہ ، اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کل طلب

02:45 PM, 7 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات نہ کرانے پر اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو کل طلب کر لیا ہے۔

 بانی پی ٹی آ ئی عمران خان  کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات نہ کرانے پر توہینِ عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے سماعت کی، عدالت میں عمران خان کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل چودھری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کے آرڈرز کے مطابق جیل رولز کی پابندی کرنی چاہیے تھی، لیکن سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی درخواستیں بار بار رد کی جا رہی ہیں۔

 وکیل نے مزید کہا کہ عدالت نے تین وکلاء پر مشتمل ایک کمیشن بھی قائم کیا تھا، لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نےاس صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا اور سٹیٹ کونسل سے سوال کیا کہ آخر کیوں عدالت کے احکامات پر عملدرآمد نہیں ہو رہا؟ ہمارے آرڈر کے باوجود اگر پٹیشن آتی ہے تو ہم نے لکھا تھا کہ سٹیٹ پر جرمانہ عائد ہوگا ،اس پر  سٹیٹ کونسل نے اس معاملے کو جیل حکام کے ساتھ اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

 عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو کل 10 بجے پیش ہونے کا حکم دیا۔

مزیدخبریں