یوم اقبال : ملک بھر میں 9 نومبر کو عام تعطیل کااعلان

12:44 PM, 7 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد کیبنٹ ڈویژن نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

کیبنٹ ڈویژن نے یوم اقبال کی تعطیل کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تمام سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کو اس دن تعطیل کی ہدایت کی ہے۔

یوم اقبال کی مناسبت سے مختلف تقریبات اور محافل کا اہتمام کیا جائے گا، جن میں علامہ اقبال کی علمی، فکری، اور سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اس دن کو ہر سال بھرپور انداز میں منایا جاتا ہے تاکہ قوم اپنے عظیم رہنما کی یاد تازہ کر سکے، جنہوں نے پاکستان کے قیام کے لیے نظریاتی بنیاد فراہم کی۔

ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر سے حاصل کرنے کے بعد، انہوں نے 1905 میں برطانیہ سے وکالت کی ڈگری لی اور پھر جرمنی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی۔ 1910 میں وطن واپسی کے بعد انہوں نے شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں فکری انقلاب کی لہر دوڑائی اور انہیں ایک نئی شناخت اور مقصد کی جانب رہنمائی فراہم کی۔

علامہ اقبال کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کے قیام کے لیے "نظریہ پاکستان" کا تصور پیش کرنا تھا، جو بعد میں ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کی بنیاد ثابت ہوا۔

ڈاکٹر علامہ محمد  اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں انتقال کر گئے اور انہیں بادشاہی مسجد کے قریب دفن کیا گیا۔ آج بھی ان کا پیغام اور نظریہ پاکستان کی سیاسی، ثقافتی اور فکری زندگی میں زندہ ہے۔

مزیدخبریں