نئی دہلی : ایئر انڈیا کی پروازوں کو خطرے کی وجہ سے پنجاب اور دہلی کے ایئر پورٹس پر سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ دھمکی کی کال کے بعد ایئر پورٹس کی سکیورٹی میں اضافہ کیاگیا ہے،سکیورٹی میں اضافہ 30 نومبر تک کیاگیا ہے۔ بیور و آف سول ایوی ایشن سکیورٹی نے پنجاب اور دہلی کی ایئر انڈیا کی پروازوں کےلیے خصوصی سکیورٹی چیک کا حکم دیا ہے۔
متعلقہ محکمے کی طرف یہ حکم سکھ فار جسٹس گروپ کی دھمکی کے بعد دیاگیا ہے۔اس حکم کو فوری طور پر نافذ کردیا گیا ہے۔ بی سی اے ایس نے پنجاب اور قومی دارالحکومت کے ہوائی اڈوں پر ایئر انڈیا کی تمام پروازوں کے لیے اضافی سکیورٹی چیک کرنے کو کہا ہے۔یہ حفاظتی اقدامات 30 نومبر تک جاری رہیں گے۔
سکھ فار جسٹس کی طرف سے ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں یہ کہاگیا ہے کہ سکھ 19 نومبر کے بعد سے لے کر ایئر انڈیا میں سفر نہ کریں کیونکہ ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ اس حوالے سے ایک سییئر افسر کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈوں پر سیکورٹی بڑھانے کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے پیش نظر اعلیٰ سطح کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔