عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ دیں: انتونیو گوتریس

11:58 PM, 7 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

قاہرہ: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرہ علاقے کا رقبہ پرتگال سے تین گنا بڑا ہے، عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ دیں۔
تفصیلات کے مطابق مصر کے شہر شرم الشیخ میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ان لمحات میں مدد کی ضرورت ہے اور آباد کاری کیلئے بڑے پیمانے پرفنڈز کی ضرورت ہے، عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کی بھرپور مدد کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قرضوں میں ریلیف اتنا نہیں ملا جتنا ملنا چاہیے تھا، پاکستان عالمی برادری کی بھرپور امداد کا مستحق ہے، عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ دیں کیونکہ پاکستان کو مشکل سے نکالنے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ 
انتونیوگوتریس نے کہا کہ پاکستان میں ایک دوسرے کی مددکا جو جذبہ دیکھا اس کی مثال عالمی برادری میں نظرآنی چاہیے،عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کی بڑے پیمانے پر مدد کریں، ضرورت ہے کاپ کانفرنس اس صورت حال کو تسلیم کرتے ہوئے نمٹنے کیلئے واضح روڈ میپ تیار کرے۔
اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ اوسط آمدنی والے ملکوں کو رعایتی فنڈنگ تک رسائی ہونی چاہیے، فنانشل سسٹم پر نظرثانی کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ مل سکے، اقوام متحدہ پاکستان کے شانہ بشانہ ہو گا۔ 

مزیدخبریں