لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر ایف آئی آر میں عمران خان کے دئیے گئے تینوں نام شامل نہیں تو یہ کاغذ کا بے وقعت ٹکڑا ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ تحریک انصاف اپنا موقف دے چکی ہے۔ اگر ایف آئی آر میں چیئرمین پی ٹی آئی کے دئیے گئے تینوں نام شامل ہیں تو یہ ایف آئی آر قانونی ہے۔ تحریک انصاف کو ان ناموں میں کوئی بھی تحریف قبول نہیں اور ہمارے نزدیک ایف آئی آر کاغذ کا بے وقعت ٹکڑا ہو گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ سٹی وزیر آباد میں درج کیا کئے گئے مقدمے میں موقع سے گرفتار ملزم نوید کو باقاعدہ نامزد کیا گیا ہے جبکہ ایف آئی آر سیل کر دی گئی ہے جسے کل سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا اور پھر اسے عام کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ کے اندراج کے بعد کل ہی مرکزی ملزم نوید کی باقاعدہ گرفتاری بھی ڈال دی جائے گی جو اس وقت لاہور کے علاقے چونگ میں واقع سی ٹی ڈی کے سیل میں موجود ہے۔