سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے اپنی معطلی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی

10:14 PM, 7 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: وفاقی حکومت کی جانب سے معطل کئے گئے سٹی کیپٹل پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور غلام محمود ڈوگر نے اپنی معطلی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کی جانب سے دائر درخواست میں وفاقی حکومت، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور پنجاب حکومت کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے 27 اکتوبر کو 3 روز میں عہدے کا چارج چھوڑنے کانوٹیفکیشن جاری کیا۔ 
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت 2 وفاقی وزراءکے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کرنے پر انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، دونوں وفاقی وزراءکے خلاف مقدمہ تھانہ گرین ٹاؤن میں درج کیا گیا۔
غلام محمود ڈوگر نے اپنی درخواست میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو سی سی پی اوکے تقرر و تبادلوں کا اختیار ہے اور وفاقی حکومت نے صوبائی خود مختاری میں مداخلت کی ہے۔ 
انہوں نے درخواست میں مزید کہا ہے کہ معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے قبل اظہار وجوہ کا نوٹس بھی نہیں دیا گیا جبکہ پنجاب حکومت نے عہدے کا چارج نہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
درخواست میں عدالت سے وفاق کے عہدے سے معطلی اور ٹرانسفر کے نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دینے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک تبادلے اور معطلی کے نوٹیفکیشنز پر عملدرآمد روکنے کی استدعا کی ہے۔ 

مزیدخبریں