سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا رواں ماہ دورہ پاکستان کا امکان

07:42 PM, 7 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

ریاض: سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے جس دوران سعودی عرب کی پاکستان میں مضبوط سرمایہ کاری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان کا نومبر کے تیسرے ہفتے میں دورہ پاکستان متوقع ہے اور سعودی ولی عہد و وزیر اعظم کا 21 نومبر کو پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔ 
ذرائع نے بتایا کہ رواں ہفتے کے آخر میں سعودی خصوصی سیکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچے گی جو سیکیورٹی انتظامات کا حتمی جائزہ لے گی اور اس کے بعد ہی محمد بن سلمان دورے پر آئیں گے۔ 
ذرائع کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے میں پاکستان کو 4.2 ارب ڈالرز اضافی بیل آؤٹ پیکیج ملنے کی توقع کے علاوہ سعودی عرب کی پاکستان میں مضبوط سرمایہ کاری کا بھی امکان ہے۔ 
دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ غیر یقینی سیاسی صورتحال میں مزید خرابی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں رکاوٹ بھی بن سکتی ہے۔

مزیدخبریں