ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی مسلسل پانچویں فتح،سکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے شکست 

10:28 PM, 7 Nov, 2021

شارجہ :ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے شکست دیدی ،اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 117 رنز ہی بنا سکی ۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 190 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف سکاٹ لینڈ کو جیت کیلئے دیا ۔

پاکستان کی طرف سے بلے بازوں نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم آسٹریلیا کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ،پہلے بابر اعظم اور پھر شعیب ملک کی جارحانہ بیٹنگ نے سکاٹ لینڈ کے بائولرز کے چھکے چھڑا دئیے ،کپتان بابر اعظم نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 66  رنزسکور کیے،بابر اعظم کے بعد شعیب ملک کے بلے نے بھی آج خوب رنز بنائے اور ٹورنامنٹ کی تیز ترین ففٹی سکور کی ،شعیب ملک نے آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 54 رنز سکور کیے۔

سکاٹ لینڈ کی بیٹنگ لائن پاکستان بائولنگ اٹیک کےسامنے چل نہ سکی اور کوئی بھی کھلاڑی بڑا سکور کرنے میں کامیاب نہ ہوا اور پوری ٹیم 117 رنز ہی بنا سکی ۔

سکاٹ لینڈ کیخلاف پاکستان کی اس ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں فتح ہے ،اس جیت کے بعد ٹورنامنٹ میں پاکستان واحد ناقابل شکست ٹیم بن گئی ہے جس نے ایک بھی میچ نہیں ہارا ۔

شعیب ملک سکاٹ لینڈ کیخلاف اور اس ٹورنامنٹ کی تیز ترین ففٹی بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے ،جنہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا ۔

اس میچ کے اختتام کے بعد پاکستان کا بڑا معرکہ اب سیمی فائنل میں آسٹریلیا کیساتھ ہوگا ،دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 11 نومبر بروز جمعرات شام 7 بجے دبئی سٹیڈیم میں ہو گا ۔

مزیدخبریں