اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو کمزور ملکی معیشت ورثے میں ملی ہے اور پی ڈی ایم جماعتوں کا نہ تو کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی کوئی ایجنڈا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اور پی ڈی ایم جماعتیں فیڈریشن کی مخالف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتوں کا نہ تو کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی کوئی ایجنڈا، اس لیے لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔ پی ڈی ایم احتجاج اور مارچ کا شوق پورا کر لے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماضی کی تحریکوں کی طرح اس دفعہ بھی پی ڈی ایم کو مایوسی ہو گی لیکن حکومت گرانے کی خواہش صرف خواہش ہی رہے گی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) واحد سیاسی جماعت ہے جو فیڈریشن کی حامی اور قومی سیاسی جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا ایجنڈا قومی ہے جس کی جڑیں پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہیں اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ اسمبلی سے باہر بیٹھنے والے وقت کا انتظار کریں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ 2023 کے انتخابات میں بھی پی ٹی آئی اقتدار میں آئے گی جبکہ تحریک انصاف کو کمزور ملکی معیشت ورثے میں ملی ہے۔ اقتدار ملا تو خزانہ خالی اور ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا جبکہ ملک کو اندرونی و بیرونی سطح پر بحرانوں کا سامنا تھا۔