کراچی: اداکارہ میرا نے انکشاف کیا ہے کہ ہماری فلم انڈسٹری میں ایوانوں سے زیادہ سیاست ہے اور پاکستان کے سب سے اچھے سیاستدان اور وزیراعظم عمران خان اور نواز شریف ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ میرا نے کہا کہ میں نے چھوٹی سی عمر میں پاکستان فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور راتوں رات ٹاپ ہیروئن بن گئی جبکہ میں نے ہر قسم کے کردار کئے اور لوگوں نے پسند کیا تاہم کسی بھی سپر اسٹار کو گھر پر فارغ بٹھا دیں گے تو سوشل میڈیا پر تبصرے ہوں گے لیکن یہ میرا مقام نہیں بلکہ میرا تعلق فلم انڈسٹری سے ہے اور مجھے فلم بنانی ہے جبکہ فلم انڈسٹری کو میری صلاحیتوں اور تجربے سے فائدہ حاصل کرنا چاہیے اور ایسے کردار لکھے جائیں جس پر میں پورا اتروں کیونکہ اس سے ہماری فلموں کا معیار بڑھے گا۔
بھارتی فلموں میں کام کے حوالے سے میرا نے کہا کہ بالی ووڈ میں عزت کے ساتھ اچھا کام ملا تو ضرور کروں گی اور بالی ووڈ کی فلم نظر میں انہوں نے کردار کی مناسبت سے اچھا کام کیا تھا جبکہ میں می ٹو تحریک اور عورت مارچ کی حامی ہوں۔
اداکارہ میرا نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں ایوانوں سے زیادہ سیاست ہے اور پاکستان کے سب سے اچھے سیاستدان اور وزیراعظم عمران خان اور نواز شریف ہیں، فلم انڈسٹری میں میرے دوست زیادہ ہیں اور دشمن کم ہیں جبکہ صدر عارف علوی سے درخواست ہے کہ وہ ہماری فلم انڈسٹری سے منسلک لوگوں کی فلاح کے لیے بھی کچھ سوچیں۔
فنکاروں سے متعلق میرا نے اپنے جواب میں کہا کہ ریما بہت ٹیلنٹڈ ہیں اور انہیں ایک سینیئر کی حیثیت سے لوگوں کی سرپرستی کرنی چاہیے اور ماہرہ خان کے ساتھ انہوں نے کام کیا وہ بہت شاندار انسان ہیں جبکہ سعود کو دوبارہ سے فلموں میں کام کرنا چاہیے۔
اپنی نقل اتارے جانے پر میرا نے کہا کہ پتہ نہیں لوگ میری نقل کیوں اتارتے ہیں، پلیز یہ سب بند کر دیں کیونکہ مجھے اچھا نہیں لگتا۔