لاہور: چینی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف حکومت کا کریک ڈاؤن ، سردگودھا میں 70 ہزار کلو چینی برآمد ، پانچ گودام سیل کر دیے گئے جبکہ مقدمات بھی درج کرلئے گئے ۔
چشتیاں میں اسسٹنٹ کمشنر نے چینی کے مختلف گوداموں پر چھاپہ مار کر چینی کے 2750 تھیلے برآمد کر لیے جبکہ چونیاں میں کارروائی کے دوران نجی گودام سے 400 بوری چینی برآمد کرکے گودام اور دکانوں کو سیل کر دیا گیا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چینی بحران پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس بلایا گیا جس میں چینی کی فروخت مقرر کردہ نرخوں پر یقینی بنانے کیلئے انتظامی ایکشن کا جائزہ لیا گیا ۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں امپورٹڈ اور لوکل چینی کا 20 دن سے زائد کا اسٹاک دستیاب ہے اور کسی قسم کی شارٹیج نہیں ہے ۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ لاہور میں بھی 200 بڑے اسٹوروں اور 1600 دکانوں پر چینی 90 روپے میں دستیاب ہے اور مسلسل سپلائی جاری ہے ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ 15 نومبر سے پہلے کرشنگ شروع کروانے کے اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ چینی کی شارٹیج کا مسئلہ پیدا نہ ہو ۔