ابوظہبی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں آج 2 اہم میچز کھیلئے جائیں گے۔
دن کے پہلے میچ میں افغانستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی جبکہ دوسرا میچ پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
آج نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان ہونے والا پہلا میچ انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ یہی میچ فیصلہ کرے گا کہ گروپ 2 سے پاکستان کے بعد کونسی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوتی ہے۔سیمی فائنل تک رسائی کی دوڑ میں گروپ 2 سے نیوزی لینڈ، بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں اُمیدوار ہیں ، تاہم آج ہونے والے میچ میں نیوزی لینڈ جیت کی صورت میں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے گا تاہم افغانستان کی فتح بھارت کیلئے سیمی فائنل میں پہنچنے کے راستے کھول دے گی۔تاہم نیوزی لینڈ کی جیت سارے اگر مگر ختم کر دے گی اور بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں ورلڈ کپ سے آؤٹ ہو جائینگی۔
دوسری جانب اگر افغانستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہوتی ہے تو بھارتی ٹیم کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید تو پیدا ہو گی مگر اس کا فیصلہ بھارت اور نمیبیا کے آخری لیگ میچ کے بعد ہو گا۔
آج رات 7 بجے پاکستان اور سکاٹ لینڈ آمنے سامنے ہوں گے، یہ میچ گروپ ٹو کی دونوں ٹیموں کا آخری گروپ میچ ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکا ہے۔