لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایڈہاک ڈاکٹروں کی ملازمتوں میں ایک برس کیلئے توسیع کی منظوری دے دی ۔
تفصیلات کے مطابق ، وزیراعلیٰ کے اس اقدام سے 4 ہزار سے زائد ڈاکٹرز مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے ایڈہاک ڈاکٹروں کو تنخواہوں کی ادائیگی بروقت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کر دی ۔ عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایڈ ہاک ڈاکٹروں کی تنخواہوں کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ایڈہاک ڈاکٹروں کی ری اپوائنٹمنٹ اور دیگر ایشوز کو فوری حل کیا جائے گا ۔ ایڈہاک ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں ۔ ایڈہاک ڈاکٹروں کو آئندہ ری اپوائنٹمنٹ کے حوالے سے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔
عثمان بزدار نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز کے مسائل کا پورا احساس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت آئندہ بھی ڈاکٹرز کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی ۔