کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بم دھماکے میں صحافی سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔افغان پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد افغان صحافی یما سیاوش کی گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔جب ان کی گاڑی گھر کے قریب پہنچی تو زورداردھماکے سے پھٹ گیا ۔دھماکے سے گاڑی میں سوار مزید دوافراد بھی مارے گئے ۔
افغان حکام کے مطابق افغان صحافی کے قتل کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ۔ تاہم تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ افغان وزارت داخلہ نے بم دھماکے کا الزام حقانی نیٹ ورک پر عائد کیا ہے ۔
کابل میں بم دھماکے میں افغان صحافی کی ہلاکت پر امریکی سفارت خانے نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یماسیاوش کا قتل اظہار رائے کی آزادی پر حملہ ہے ۔
واضع رہے کہ یما سیاوش افغانستان کے چند معروف صحافیوں میں سے ایک تھے جن کی سیاسی امور اورحالات حاضرہ پر گہری نظر تھی ۔ لیکن وہ کچھ عرصہ قبل ہی ٹی وی پروگرام کی میزبانی چھوڑ کر افغان مرکزی بینک جوائن کرچکے تھے ۔