اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عبدالقادر بلوچ کے بیانات بدقسمتی ہے اور انہوں نے صرف اپنی سیاست کو نہ صرف تباہ کیا ہے بلکہ ان کی جو عزت اور وقار تھا اسے مجروح کیا ہے ۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر )عبدالقادر بلوچ کے کوئٹہ میں جلسہ سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا عبدالقادر بلوچ حقیقت سے واقف ہیں اور میں بھی ہوں جبکہ ایک جلسے میں ثناء اللہ زہری کو مدعو نہ کئے جانے کے معاملے کو پی ڈی ایم کے بیانیہ سے جوڑنا قطعاً غلط اور جھوٹی بات ہے ۔
انہوں نے کہا مجھے ان سے یہ توقع بالکل نہیں تھی اگر وہ پارٹی چھوڑنا چاہتے تھے تو استعفیٰ بھیج دیتے بات ختم ہو جاتی پارٹی نے عبدالقادر بلوچ کو عزت دی ہے لیکن وہ اس عزت کی لاج نہ رکھ سکے جو افسوسناک بات ہے ۔ سیاست میں راہیں جدا ہوتی ہیں لیکن جس بیانیہ کی وہ بات کر رہے ہیں اس کا انہوں نے مجھ سے کبھی ذکر نہیں کیا اور نہ جماعت کے کسی اوررہنماء سے بات کی ۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا نواز شریف کا یہ بیانیہ کہ ملک آئین و قانون کے مطابق چلے اس سے سارا پاکستان اتفاق کرتا ہے ۔ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اگر اس سے اتفاق نہیں کرتے تھے تو جماعت کے اندر بات کرتے اور مجھ سے ذاتی طور پر ان کی گفتگو رہی ہے لیکن انہوں نے کبھی ایسی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک بات کی ہے اور ان باتوں کو ذاتی بنانا یہ عبدالقادر بلوچ کی سیاست کی بدنامی اور ناکامی ہے ۔ یہ پی ڈی ایم کے بیانیہ کو تقویت پہنچانے کے مترادف ہے کہ جو لوگ ہماری صفوں میں نہیں تھے اور جو ملک میں آئین کی بالادستی نہیں چاہتے وہ آج اپنے اصل گھر پہنچ چکے ہیں۔