لاہور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بہتر لاجسٹکس سے دشمن کی کسی مہم جوئی کا موثر جواب دیا جا سکتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور کور کی لاجسٹک تنصیبات کا دورہ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار نے لاہور کے دورے کے دوران چیف آف لاجسٹکس سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباسی بھی ہمراہ تھے جبکہ کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عامر عباسی، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مؤثر لاجسٹکس سے آپریشنل تیاریوں میں اضافہ ہوتا ہے اور بہتر لاجسٹکس سے دشمن کی ہر مہم جوئی کا مؤثر جواب دیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ رواں ہفتے 3 نومبر کو پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا جہاں انہیں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے مکمل بریفنگ دی گئی تھی۔
بری فوج کے سربراہ نے ایف ڈبلیو او کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایات دیں کہ قومی اہمیت کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ آرمی چیف نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد کے لئے منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے میگا پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے ادارہ کی استعداد کار بڑھانے کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔