خشک میوہ جات کھانے والے افراد طویل عمر پاتے ہیں،طبی جریدہ

02:44 PM, 7 Nov, 2020

اسلام آباد:ایک طبی تحقیق کے مطابق خشک میوہ جات کھانے والے افراد طویل عمر پاتے ہیں۔ طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع  ہونے والی تحقیق کے نتائج کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر خشک میوے کھانا زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

امریکہ میں کی جانے والی اس طبی تحقیق کے مطابق ممکن ہے کہ  خشک میوہ جات کھانے والے افراد کا طرزِ زندگی صحت مند نہ ہو لیکن خشک میوہ جات کا باقاعدہ استعمال ان کی طویل العمری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ دوران تحقیق 30  برس کے دوران ایک لاکھ 20 ہزار افراد کا جائزہ لیا گیا جس سے نتیجہ اخذ کیا گیا کہ باقاعدگی سے خشک میوے کھانے والے افراد میں شرح اموات کم رہی ہے۔

اعداد و  شمار کے مطابق وہ لوگ جو ہفتہ میں ایک بار خشک میوہ جات کھاتے ہیں ان میں مرنے کے امکانات 11 فیصد کم ہوتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہفتہ میں چار مرتبہ خشک  میوہ جات کھانے والوں میں یہ شرح 14 فیصد اور روزانہ ایسا کرنے والوں میں 20 فیصد رہی ہے۔

تحقیق کار ڈاکٹر چارلس فش نے کہا ہے کہ خشک میو  ہ جا  ت کے  باقاعدہ استعمال سے دل کی بیماری سے ہلاکتوں میں 29 فیصد کمی ہو سکتی ہے جبکہ کینسر سے ہلاکت کے خطرات میں بھی 11 فیصد کی قابلِ ذکر کمی ہو سکتی ہے۔  برٹش ہارٹ فاونڈیشن نے کہا ہے کہ اس حوالہ سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں