پاکستانیوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے لگے

02:12 PM, 7 Nov, 2020

اسلام آباد: پاکستان میں سوشل میڈیا کی معروف ترین مسینجر ایپ واٹس ایپ پر ہیکرز نے حملہ کردیا ہے ۔ ہیکرز صارفین کو کوڈ بھیجتے ہیں اور اسکے بعد مذکورہ فرد کا اکاؤنٹ ہیک ہوجاتاہے ۔ 

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ ہیک کرنے والے ہیکرز نے اس بار نیا طریقہ اختیار کیا ہے ، واٹس ایپ کے اکا ؤنٹس  ہیک کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں ۔ 

اس کے لیے ہیکرز ایک نمبر سے یوزرز کو واٹس ایپ پر ایک پیغام بھیجتے ہیں ، جس میں کہا جاتاہے کہ 6 ڈیجٹس کا ایس ایم ایس کوڈ غلطی سے آپ کے نمبر پر بھیجا گیا ہے ۔

ہیکرز یوزر سے کہتے ہیں کہ اس ایس ایم ایس پر لکھا ہوا کوڈ اُسی نمبر پر واپس بھیج دیں ۔ اس مقصد کےلیے ہیکرز دوسرے نمبر بھی دیتے ہیں ۔ مگر جیسے ہی آپ کا میسج جاتا ہے آپ کا واٹس ایپ ہیک ہو جاتا ہے ۔ 

پاکستان بھر میں اب تک واٹس ایپ کے کئی واقعات دیکھنے میں آچکے ہیں ۔ تیکنیکی ماہرین کا کہناہے کہ دوست یا جاننے والے کے نام سے میسج یا کوڈ مانگے جانے کی صورت میں ہرگز جواب نہ دیں کیونکہ پیغام پر کسی کو کوڈ دیتے ہیں آپ کا واٹس ایپ اور سارا ڈیٹا ہیک ہوجائیگا۔ 

واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی متعدد بار واٹس ایپ کو مختلف طریقوں کے ذریعے ہیک کرنے کے واقعات سامنے آچکے ہیں ۔ گزشتہ برس دسمبر میں بھی واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے کے واقعات سامنے آئے تھے جس پر پی ٹی اے نے واٹس ایپ انتظامیہ سے رابطہ کیاتھا۔ اور پاکستانی صارفین کی تفصیلات مانگ لی تھیں تاکہ ان کے اکاؤنٹس محفوظ بنائے جاسکیں ۔ 

فروری میں بھی پاکستانی واٹس ایپ یوزرز کے اکاؤنٹس ہیک ہوئے تھے ۔ جس پر پی ٹی اے  کو پیغام بھی جاری کرنا پڑا تھا۔ 

مزیدخبریں