بلاول بھٹو کے انٹرویو کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے:قمر زمان کائرہ

bilawal bhutto interview,qamar zaman kaira,attempts,peoples party
کیپشن: فائل فوٹو قمر زمان کائرہ

لاہور:پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے بلاول بھٹو کے غیرملکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو کے حوالے سے وضاحتی بیان میں کہا کہ  چیئرمین بلاول بھٹو کے انٹرویو کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے،  بلاول بھٹو کا بیانیہ پی ڈی ایم کے ایجنڈے کا تسلسل ہے۔


تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کے انٹرویو پر وضاحت دیتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ  جمہوریت اور سول سپرمیسی کیلئے پیپلزپارٹی کی تین نسلوں کی جدوجہد  ہے ،سول سپرمیسی کی جدوجہد میں ہم نے اپنے دو عظیم لیڈراور ہزاروں جیالے کھو دیے۔


صدر پی پی پنجاب نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کا جنم بھی پیپلز پارٹی کی اے پی سی کے مشترکہ اعلامیہ سے ہوا،بلاول بھٹو کا بیانیہ پی ڈی ایم کے ایجنڈے کا تسلسل ہے جبکہ پی ڈی ایم میں دراڑیں ڈالنے والے ناکام ہونگے۔


یاد رہے کہ  بلاول بھٹو نے گزشتہ روز برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا ہرگز یہ مطالبہ نہیں کہ فوجی قیادت عہدے سے دستبردار ہو جائے۔ فوجی قیادت کا نام لینا میاں نواز شریف کا ذاتی فیصلہ ہے۔


پی ڈی ایم کی تشکیل کے وقت اتفاق رائے سے طے پایا تھا کہ کسی ایک ادارے کا نہیں بلکہ لفظ ’’سٹیبلشمنٹ‘‘ کہا جائے گا۔ اس لیے گوجرانوالہ جلسے میں جب نواز شریف نے براہ راست نام لیے تو انہیں "دھچکا "لگا۔


بلاول بھٹو کے بقول یہ ان کے لیے ایک دھچکا تھا کیونکہ عام طور پر ہم جلسوں میں اس طرح کی بات نہیں کرتے، مگر نواز شریف کی اپنی جماعت ہے، وہ انہیں یا وہ مجھے کنٹرول نہیں کر سکتے کہ کیسے بات کریں۔


ایک سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا ہرگز یہ مطالبہ نہیں کہ فوجی قیادت عہدے سے دستبردار ہو جائے۔ ان کے نزدیک عمران خان کی حکومت لانے کی ذمہ داری کسی شخص پر نہیں ڈالی جا سکتی۔ موجودہ حکومت عوام کا اعتما کھو چکی ہے۔