دبئی : کیوی باؤلر ٹرینٹ بولٹ نے پاکستان کیخلاف ہیٹرک کا کارنامہ سرانجام دیدیا۔انہوں نے یہ کارنامہ پاکستان کیخلاف پہلے ٹی ون ڈے میچ میں انجام دیا جہاں نے اوپنر فخر زمان، بابر اعظم اور محمد حفیظ کو پویلین کی راہ دکھائی اور شاندار ہیٹرک اپنے نام کی ۔
اس سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں کیویز نے جیت کے لیے گرین شرٹس کو 267 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ابو ظہبی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلی جانے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ پر نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور 13 رنز پر اس کی پہلی وکٹ جارج ورکر کی صورت میں گرگئی۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کولن منرو تھے جو 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
78 کے مجموعی اسکور پر کین ولیمسن بھی پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر راس ٹیلر اور ٹام لیتھم نے اننگز کو سہارا دیتے ہوئے 130 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور نیوزی لینڈ کی پوزیشن مضبوط کردی۔ ایک موقع پر نیوزی لینڈ نے 208 رنز بنالیے تھے اور اس کے صرف تین ہی کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
اس موقع پر پاکستان نے شاداب خان کی بدولت میچ میں شاندار کم بیک کیا۔ نوجوان لیگ اسپنر نے ایک ہی اوور میں 3 وکٹیں حاصل کرکے نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر کی کمر توڑ دی۔ کیویز نے دو اوورز کے درمیان صرف دو رنز اسکور کیے اور چار وکٹیں گنوادیں۔
ٹم ساؤتھی اور اش سوڈھی کے درمیان شراکت نے نیوزی لینڈ کو بمشکل 250 کے اسکور تک پہنچایا۔ کیوی ٹیم اپنے مقررہ اوورز میں 266 رنز بنا پائی۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی نے چار، چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔