ای سی سی نے اسٹیل ملز ملازمین کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ کی منظوری دیدی

01:47 PM, 7 Nov, 2018

اسلام آباد: ‎اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ کی منظوری دے دی۔ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرِ صدارت ہوا جس میں 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسٹیل ملز ملازمین کی ستمبر 2018 کی تنخواہوں کی مد میں 37 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کیے جائیں گے۔

اجلاس کے دوران پاکستان اسٹیل کے پینشنرز کی بیواؤں کے لیے بھی ایک ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق آئندہ 3 ماہ پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی تنخواہ کا معاملہ ای سی سی میں نہ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ای سی سی نے ہدایت کی کہ تنخواہوں کا معاملہ فنانس ڈویژن اور وزارت صنعت کی سطح پر حل کیا جائے۔ دوسری جانب ای سی سی نے 50 ہزار ٹن یوریا درآمد کرنے کی منظوری بھی دی۔

اجلاس کے دوران وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیمنٹ کی قیمتوں میں حالیہ اضافے میں ڈیلرز ملوث ہیں جس پر ای سی سی نے صوبائی حکومتوں کو سیمنٹ کی قیمتیں چیک کرنے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں