ادریس البا کو دنیا کا پرکشش ترین زندہ انسان قرار دے دیا گیا

11:58 AM, 7 Nov, 2018

لندن:  برطانوی اداکار ادریس البا کو دنیا کا پرکشش ترین زندہ انسان قرار دے دیا گیا ہے۔ تھور فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار کو یہ ٹائٹل پیپلز میگزین کی جانب سے دیا گیا ہے۔

پیپلز میگزین کے مطابق 46 سالہ ادریس البا آفیسر آف دی موسٹ ایکسیلنٹ آرڈر آف دی برٹش امپائر کا اعزاز پہلے ہی حاصل کرچکے ہیں۔ یہ اعزاز 1917 میں برطانوی بادشاہ جارج پنجم نے ان لوگوں کیلئے شروع کیا تھا جو سلطنتِ برطانیہ کیلئے اہم خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ ادریس البا کو یہ اعزاز ڈرامہ انڈسٹری میں خدمات پر دیا گیا تھا۔

جب ادریس البا کو بتایا گیا کہ انہیں پرکشش ترین انسان قرار دیا گیا ہے تو انہوں نے پہلا رد عمل کچھ یوں دیا ” نہ کر، ہو ہی نہیں سکتا، کیا واقعی مجھے یہ اعزاز دیا گیا ہے‘۔پرکشش ترین انسان کا کہنا ہے کہ جب انہیں خبر ملی تو انہوں نے سب سے پہلے شیشہ دیکھا اور اپنا پوری طرح جائزہ لیا،اعزاز ملنے پر بہت خوشی ہوئی اور اس نے میرے غرور کو بڑھاوا دیا۔

پیپلز میگزین کی جانب سے 1985 میں پرکشش انسان کے مقابلے کا آغاز کیا گیا تھا اور ادریس البا 33 ویں پرکشش ترین انسان قرار پائے ہیں۔ پیپل میگزین نے 29 سالہ میل گبسن کو سب سے پہلا پرکشش ترین انسان قرار دیا گیا تھا جبکہ گزشتہ برس بلیک شیلٹن پرکشش ترین انسان قرار پائے تھے۔

مزیدخبریں