واشنگٹن: امریکی وسط مدتی انتخابات میں پہلی بار دو مسلم خواتین بھی منتخب ہوکر ایوان میں پہنچ گئیں۔ ڈیمو کریٹ راشدہ طلائب مشی گن جبکہ الہان عمر منی سوٹا سے منتخب ہو گئیں۔
گزشتہ روز امریکا میں وسط مدتی انتخابات ہوئے۔ پولنگ کا عمل اختتام پزیر ہونے کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا۔ایوان نمائندگان کی تمام 435 اور سینیٹ کی 100 میں سے 35 نشستوں پر ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز میں سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی تھی۔
ان انتخابات کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں چار مسلم امیدوار بھی حصہ لے رہے تھے جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ دونوں ہی مسلم خواتین نے جیت حاصل کر لی ہے۔
راشدہ طلائب مشی گن کے تیرہویں کانگریشنل ضلع سے ڈیموکریٹ امیدوار تھیں۔ ان کے مقابلے میں ریپبلکنز کا کوئی امیدوار سامنے نہ آیا۔ایک اور ڈیموکریٹ مسلم خاتون الہان عمر منی سوٹا سے پانچویں کانگریشنل ضلع کا انتخاب 72 فیصد ووٹ حاصل کر کے جیت گئیں۔
انکے مدمقابل ریپبلکن امیدوار نے صرف بائیس فیصد ووٹ حاصل کیے۔ اس سے پہلے کوئی مسلم خاتون کانگریس سے منتخب نہیں ہوئیں۔