لاہور: سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز پاناما فیصلے کے خالف نظراثانی درخواست پر سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد میدان میں آگئیں ۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کا مذاق بنا دیا گیا، مجھ سے ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانے پر انتقام لیا جا رہا ہے، یہ وہی مریم ہے جس کا پہلے فیصلے میں ذکر تک نہیں تھا۔
تفصیلی فیصلے پر اپنے ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ اسی دن سنا دیا گیا تھا جس دن ہمیں گاڈ فادر اور سسیلیئن مافیا جیسی گالی دیکر تعصب ظاہر کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ فیصلہ اسی دن سنا دیا گیا تھا جب مخالف وکیل کے پاس دلیل نہ ہونے کی وجہ سے منصف ان کے لیے وکیل بن گئے تھے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ فیصلہ اسی دن سنا دیا گیا تھا جب جے آئی ٹی کے بارے میں حقائق سامنے آئے کہ یہ جے آئی ٹی واٹس ایپ زدہ ہے، اور جب نواز شریف سے سیاسی طور پر ہارنے والے مخالف کو ایک ناقابل سماعت درخواست دائر کرنے کو کہا گیا تھا۔