ممبئی: بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے تینوں خانز ”شاہ رخ ، عامر اور سلمان خان “ عامر خان کی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں خانز اپنے کیرئیر میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یش راج فلمز میگا بجٹ فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ میں عامر خان اور امیتابھ بچن کے علاوہ شاہ رخ خان اور سلمان خان بھی نظر آئیں گے۔سلمان خان اور شاہ رخ خان فلم میں مہمان اداکار کے طور پر کام کریں گے۔ عامر خان نے جہاں شاہ رخ خان کو فلم میں مختصر کردار کے لیے راضی کیا وہیں یش راج فلمز کے مالک آدتیہ چوپڑا نے سلمان کو بھی منا لیا۔
دوسری جانب ایک ہی فلم میں تینوں خانز کی شمولیت کی خبر نے فلمی دنیا میں بھی کھلبلی مچادی ہے۔ فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ مالٹا سے شروع کی گئی۔ اس فلم کی کاسٹ میں تینوں خانز کے علاوہ امیتابھ بچن، کترینہ کیف اور فاطمہ ثنا شیخ بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سلمان خان نے جب 2015 میں شاہ رخ خان کی فلم ’دل والے‘ کا ٹریلر شیئر کیا تھا اس کے بعد سے ہی تینوں خانز کی ایک ساتھ کسی فلم میں کام کرنے کی خبریں زیر گردش رہیں اور تینوں خانز نے بھی کئی مرتبہ اچھی اسکرپٹ کی صورت میں ایک ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
بالی ووڈ خانز پہلی بار ایک ہی فلم میں جلوہ گر ہونگے
08:34 PM, 7 Nov, 2017