اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے میانمار حکومت سے بے دخل روہنگیا مسلمانوں کی واپسی کا مطالبہ کردیا۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق سلامتی کونسل نے اپنے ایک بیان میں میانمار میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے متفقہ بیان میں میانمار کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف فوجی کارروائی بند کرے اور بے دخل کئے گئے لاکھوں مسلمانوں کو وطن لوٹنے دے۔
سلامتی کونسل کی جانب سے میانمار میں جاری تشدد کی بھی پرزور مذمت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران میانمار کے صوبے راخائن میں جاری وحشیانہ حملوں اور جارحیت کے نتیجے میں لاکھوں روہنگیا مسلمان اپنی جان بچا کر بنگلہ دیش میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔