سسٹم کو پٹری سے اتارنے کے لئے کہانیاں بنائی جارہی ہیں، طلال چوہدری

04:02 PM, 7 Nov, 2017

اسلام آباد: نوزیرمملکت برائے داخلہ اورمسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سسٹم کو پٹری سے اتارنے کے لئے کہانیاں بنائی جارہی ہیں جبکہ سی پیک منصوبہ خطرے میں پڑگیا ہے۔نئی حلقہ بندیوں سے ہماری جماعت کی سیٹیں کم ہو رہی ہیں لیکن ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔  ہمارا مقف ہے نئے انتخابات نئی مردم شماری کے مطابق ہونے چاہئے لیکن لوگوں کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ آئینی ترمیم کا حصہ نہ بنیں اور اس سلسلے میں لوگوں سے براہ راست اور بالواسطہ طور پررابطے کئے جارہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن)طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ابھی بھی ہم گرینڈ ڈائیلاگ کی صورت لوگوں کو بلا رہے ہیں،انہیں دلاسے دیے جا رہے ہیں کہ انہیں کچھ نہیں کہا جا ئے گا نئی حلقہ بندیوں میں چھوٹے صوبوں کو ان کا حق دیا جارہا ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو تو پہلے ہی مشرف کی ویکسین لگی ہوئی ہے لگتا ہے اب پیپلزپارٹی کو بھی لگ گئی ہے. یہ لوگ رات کو ہر بات پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے اور صبح ہوتے ہی اپنی بات سے مکر جاتے ہیں۔ سسٹم کو پٹڑی سے اتارنے کے لیے کہانیاں بنائی جا رہی ہیں سازشی عناصر کی وجہ سے سی پیک منصوبہ خطرے میں پڑ گیا ہے اس سسٹم کو نہ چلانے کا نوازشریف کو نقصان نہیں ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کو صرف اصولوں پر کھڑے رہنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ بوگس کیسوں کا سامنا ہے جس میں بے شمار تحفظات بھی ہیں لیکن یاد رکھیں کہ ہم نے تو کچھ نہیں کیا پھر بھی عدالتوں میں کھڑے ہیں۔

مزیدخبریں