دبئی:سعودی عرب کے دشمنوں کو خوفناک اسلحہ کون فراہم کر رہا ہے،یمن کی باغیوں کے ہاتھوں یرغمال سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں کو میزائلوں کی تازہ کھیپ فراہم کی گئی ہے۔خبر رساں ادارے نے سرکردہ حوثی لیڈروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ باغیوں کو دیسی ساختہ میزائلوں کی نئی کھیپ مہیا کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق باغیوں کی سپریم سیاسی کونسل کے چیئرمین صالح الصماد کا ایک بیان نقل کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ساحلی شہر الحدیدہ کے دورے کے دوران ایک ٹریننگ کیمپ سے پاسنگ آئوٹ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر باغیوں کو نئے میزائل بھی مہیا کیے گئے۔
خیال رہے کہ صالح الصماد سعودی عرب کی طرف سے جاری کردہ اشتہاریوں کی فہرست میں شامل ہے جس کی گرفتاری میں معاونت پر خطیر رقم کا انعام مقرر کیا گیا ہے۔
باغیوں کی طرف سے نئے میزائلوں کی فراہمی کی خبریں ایک ایسے وقت میں آئی ہیں جب گذشتہ روز سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے یمن کی بری، بحری اور فضائی حدود بند کردی تھیں۔ یمن کی سرحدوں کی بندش کا مقصد باغیوں کو بیرون ملک سے اسلحہ کی سپلائی بالخصوص ایران کی جانب سے میزائلوں کی فراہمی روکنا ہے۔