ریاض: سعودی وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ تارکین پر فیملی فیس کی وصولی ملتوی نہیں کی گئی۔ اس حوالے سے گردش کرنے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ مالیاتی توازن پر عمل درآمد میں ترامیم ہوسکتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ اطلاع کئی روز سے جنگل کی آگ کی طرح پھیلی ہوئی تھی کہ سعودی حکومت نے فیملی فیس 3برس کے لئے ملتوی کردی ہے۔ وزارت خزانہ نے توجہ دلائی کہ ابھی تک اس نے ملتوی کرنے کی بابت کوئی اعلان نہیں کیا۔ اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔ وزیر خزانہ کے حوالے سے جو اطلاع دی جارہی ہے وہ غلط ہے۔ مالیاتی توازن پروگرام میں ترامیم کا امکان ہے۔ جن کا اعلان بجٹ 2018ءکے موقع پر کیا جائیگا۔الجدعا ن نے کہا ہے کہ2020 ءتک مالیاتی توازن کا حصول ہدف نہیں۔ اصل مقصد پائدار مالیاتی اصلاحات ہیں۔ مالیاتی توازن کا ہدف 2023ءتک حاصل کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان الیحییٰ نے بتایا کہ غیر ملکیو ں کے مرافقین اور تابعین پر مقرر فیس کی وصولی بند کرنے کی ہمیں کوئی ہدایت کہیں سے نہیں ملی۔ محکمہ پاسپورٹ نے بھی اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔ وزارت خزانہ نے ذرائع ابلاغ سے پرزو راپیل کی کہ وہ سرکاری پالیسی سے متعلق کوئی بھی بات وزارت سے رجوع کئے بغیر شائع نہ کریں۔