اسلام آباد: احتساب عدالت اسلام آباد میں شریف خاندان کے خلاف دائر نیب ریفرنسز کے معاملے پر آج سابق وزیراعظم چوتھی بار احتساب عدالت میں پیش ہوگئے ۔سابق وزیر اعظم نواز شریف, مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر احتساب عدالت میں پہنچ گئے ہیں ۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کریں گے جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے تینوں ریفرنسسز کو یکجا کرنے کی درخواستیں منظور کر رکھیں ہیں ۔
گزشتہ سماعت کے دوران نواز شریف کی جانب سے تمام ریفرنسز کو یکجا کرنے کے لیے درخواست جمع کرائی گئی تھی جس پر احتساب عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کارروائی کو 7 نومبر تک ملتوی کردیا تھا، تاہم درخواست پر فیصلہ آج سنائے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ نواز شریف، ان کے بچوں اور داماد کو فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور دیگر آف شور کمپنیوں، ایون فیلڈ کی جائیداد اور العزیزیہ کمپنی سے متعلق نیب کے تین ریفرنسز کا سامنا ہے۔
احتساب عدالت کے باہر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ایک ہزار پولیس اور ایف سی کے اہلکار تعینات ہوں گے۔جوڈیشل کمپلکس کے گرد اور چھتوں پر پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کا پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے.
احتساب عدالت میں لیگی رہنماؤں کی آمد کی سلسلہ بھی جاری ہے ۔ طلال چوہدری ،مریم اورنگزیب،دانیال عزیز سمیر متعدد لیگی رہنما احتساب عدالت میں پہنچ چکے ہیں ۔