کے پی  میں گورنر راج لگانے کی کوشش نہیں کر رہے، کسی کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے: فیصل کریم کنڈی 

03:25 PM, 7 May, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی :گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی  کاکہنا ہےکہ  خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کی کوشش نہیں کر رہے، کسی کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ    خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کی کوشش نہیں کر رہے، کسی کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔


ان کاکہنا تھا کہ کو شش ہوگی خیبرپختونخوا کے عوام کا وکیل بنوں، خیبرپختونخوا کے عوام کا اسلام آباد میں مقدمہ لڑوں گا۔انہوں نے کہا کہ یہ نہیں کہ میں سڑکوں پر کھڑے ہو کر بھڑکیں ماروں کہ پیسے واپس دیں، مختلف فورمز موجود ہیں جہاں پر اپنا مقدمہ لڑیں گے، بھرپور کوشش ہوگی نفرتیں نہیں محبتیں بڑھاؤں۔


گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر کوئی آزاد شہری ہے، پاکستان میں آئین بھی ہے اور قانون بھی، اگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے تو وہ کسی اور گھر جائیں گے، اپنی نااہلی اور کوتاہی چھپانے کیلئے اس قسم کا مؤقف نہیں دینا چاہیے۔


فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے پاس اکثریت بھی ہے پھر بھی اسمبلی اجلاس بلانے سے خائف ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ اپنا حق سڑکوں پر نکل کر مانگیں، میں اپنے صوبے کے کیس کو مضبوط کروں گا، صوبے میں موجود ہر سیاسی شخصیت کے پاس جانے کو تیار ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ سنجیدہ لوگوں کو آگے آنا چاہیے اور بات کرنی چاہیے، ہم ٹف ٹائم کسی کو نہیں دیں گے، صوبے کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔


فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مجھے کسی سے خوف نہیں ہے، ہم ایک فیڈریشن کی جماعت ہیں، ہم نہیں چاہتے کوئی محدود رہے ہر سیاسی پارٹی کو موقع ملنا چاہیے۔

مزیدخبریں