لاہور: سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو کوئی مہمان نوازی نہیں آتی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا بھارتی وزیر خارجہ نے جس طرح کی زبان استعمال کی اس سے اندازہ ہوگیا کہ اُسے مہمان نوازی کے آداب نہیں آتے کیونکہ مہمان کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرتے۔
خیال رہے جمعہ کی شب وزیر خارجہ بلاول بھٹو ذرداری نے اپنے دورہ بھارت سے واپسی پر پریس کانفرنس کرتے ہوے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں دوطرفہ تنازعات پر گفتگو کی اجازت نہیں تھی لیکن جہاں بھی موقع ملا انھوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ، انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت بھارت میں ایک انتہا پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کی حکومت قائم ہے جس کا ایجنڈا بھارت سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دلوانا ہے.
انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ بھارت اس حوالے سے کامیاب رہا کہ پاکستان کشمیر سمیت تمام عالمی امور پر اپنا اصولی موقف شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سمیت بھارتی میڈیا کے ذریعے بھارتی عوام کے سامنے پیش کرنے میں کامیاب ہوا جبکہ پاکستان کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ اور بھارتی وزیر اعظم سے ملاقات کی کوئی درخواست نہیں کی گئی تھی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے انھیں دہشت گردوں کا ترجمان کہنے پر حیرانی ہوئی کیونکہ پیپلز پارٹی کا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور وہ خود دہشت گردی کا شکار رہی ہے لہٰذا بھارتی وزیر خارجہ کا ان کے حوالے سے بیان ان کی کم علمی ظاہر کرتا ہے۔