لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب نامزد کر دیا گیا ۔
ترجمان ن لیگ کے مطابق بلیغ الرحمان نئے گورنر پنجاب ہوں گے ۔ وزیراعظم آفس نے سمری صدر مملکت کو بھجوا دی ۔ بلیغ الرحمان بطور وفاقی وزیر تعلیم خدمات سرانجام دے چکے ہیں ۔
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی نے گورنر کا عہدہ نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے حمزہ شہباز سے ملاقات کرکے دو سے زائد معاون خصوصی ، قائمہ کمیٹی کی چیئرمین شپ ، دو پارلیمانی سیکرٹریز کے عہدے اور تین وزارتیں مانگی تھی ۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی وفد کی ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں مل جل کر چلنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی ، قمرالزمان کائرہ ، رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی اور حسن مرتضیٰ بھی شامل تھے ۔ پی پی پی قیادت نے وزیراعلیٰ محمد حمزہ شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا ۔ جس پر انہوں نے بھرپور تعاون کرنے پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔