آئی جی سندھ کا کراچی میں سنار کی دکان میں ڈکیتی کا ڈرامہ بے نقاب کرنے والی ٹیم کیلئے انعام کا اعلان

آئی جی سندھ کا کراچی میں سنار کی دکان میں ڈکیتی کا ڈرامہ بے نقاب کرنے والی ٹیم کیلئے انعام کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ نے کراچی کے علاقے کلفٹن تین تلوار پر سنار کی دکان میں ڈکیتی کا ڈرامہ بے نقاب کرنے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے انعام کا اعلان کر دیا ہے۔ 
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے ایس پی انویسٹی گیشن اور تفتیشی ٹیم کو شاباش دی اور ان کیلئے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ گزشتہ دنوں کلفٹن پر واقعہ سنار نے چوری کا مقدمہ درج کرایا تھا جس کے مطابق مدعی دکان پر تیار شدہ اور باکس میں رکھے زیورات فروخت کرتا ہے، دکان میں موجود 10 سے 12 کلو کے قریب سونے کے زیورات چوری ہوئے ہیں۔
رواں مہینے کی چار تاریخ کو ہونے والی واردات کے بعد کیس کی تفتیش شروع کی گئی اور متاثرہ دکان کا ڈی وی آر اور دیگر 15 دکانوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی اور 23 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جن میں سے 15 مشتبہ افراد کا کال ریکارڈ حاصل کرکے ان کی چھان بین کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران کیس کے مدعی پر شک ہوا اس نے پوچھ گچھ کے دوران یہ اعتراف کیا کہ اس نے دکان میں چوری کا ڈرامہ رچایا تھا جس میں اس کا دوست وسیم بھی ملوث ہے، دونوں ملزمان کی نشاندہی پر آئی آئی چند ریگر روڈ پر واقع تجارتی مرکز پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے 3 کلو سونا بھی برآمد کیا گیا۔