منانا،بحرین کی حکومت نے خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں پر عائد بڑی پابندیاں ختم کردیں۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق بحرین نے خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے کرونا پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
بحرینی ذرائع ابلاغ کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ رپورٹ کا خاتمہ مشروط طور پر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’خلیجی ممالک سے آنے والے ایسے افراد جنہوں نے کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی یا وہ کرونا سے شفایاب ہو چکے ہیں انہیں بحرین میں داخل ہونے کے بعد قرنطینہ یا پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی‘۔
ایسے تمام مسافروں کو اپنے ممالک سے سرکاری طور پر منظور شدہ سرٹیفیکٹ ایئرپورٹ پر دکھانا ہوگا، جس میں اُن کی ویکسی نیشن یا صحت یابی کی تصدیق کی گئی ہو۔
پی سی آر ٹیسٹ کے حوالے سے یہ فیصلہ 6 سے 17 برس کے درمیان ان بچوں پر لاگو نہیں ہوگا جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی یا وہ کورونا سے شفایاب نہیں ہوئے۔