اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کہا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری دنوں سمیت عید کے ایام کورونا کے پھیلاؤ میں انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ لاپرواہی کا نہیں بلکہ نہایت احتیاط سے کام لینے کا وقت ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی وجہ سے سندھ میں کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، احتیاطی تدابیر نہیں اختیار کی گئیں تو حالات بگڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کیخلاف وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، عید کے دوران جہاں بھی جائیں ماسک پہن کر رکھیں، سماجی فاصلہ اپنائیں اور جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں وفاقی دارالحکومت میں آج سے لاک ڈاؤن کا آغاز ہو گیا ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں 8 مئی بروز ہفتہ سے لاک ڈاؤن کا آغاز ہو گا۔
لاک ڈاؤن کے دوران ہر طرح کے کاروبار بند رہیں گے البتہ انٹرسٹی، انٹراسٹی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ چلے گی۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 8 سے 16 مئی کے لاک ڈاؤن کے دوران ہفتے اور اتوار کے دنوں میں 50 فیصد مسافروں کی گنجائش کے ساتھ انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت ہو گی، اس طرح 9، 10 اور 16، 17 مئی کو بھی انٹرسٹی ٹرانسپورٹ چل سکے گی۔
دوسری جانب عیدالفطر کے دنوں میں شہروں کے اندر ہر طرح کے تفریحی مقامات پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے جبکہ شہر سے باہر تفریح کیلئے جانے پر بھی پابندی عائد ہے جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کئے جانے کا عندیہ بھی دیا جا چکا ہے۔