ممبئی،بھارت کے سپر اسٹار سلمان خان نے کورونا وائرس کے باعث 40 ہزار فلم ورکرز کو کیش ٹرانسفر اور ایک ماہ کا راشن دینے کا اعلان کردیا ۔
بھارت میں کورونا کی ہلاکت خیزی کے باعث معیشت ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔ کورونا کے باعث کئی فلموں کی شوٹنگ روک دی گئی ہیں جس کے باعث فلم انڈسٹری میں کام کرنے والے ورکرز بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔
ایسے میں سلمان خان نے 40 ہزار فلم ورکرز کو 1500 بھارتی روپے کیش ٹرانسفر اور ایک ماہ کا راشن دینے کا فیصلہ کرلیا۔
رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی جانب سے یہ رقم ورکرز کے اکاؤنٹس میں فوری منتقل کردی جائے گی جبکہ ہر ایک ورکر کو راشن اس کے گھر پہنچایا جائے گا۔
ان ورکرز میں 25 ہزار فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائیز میں رجسٹرڈ ہیں جبکہ 15 ہزار وہ خواتین ملازمین ہیں جو مختلف فلم اسٹوڈیوز میں کام کرتی ہیں۔