پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کیلئے دبئی اور ابوظہبی کا آپشن زیر غور

06:35 PM, 7 May, 2021

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزز کے اجلاس میں بقیہ میچز کیلئے دبئی اور ابوظہبی کا آپشن زیر غور ہے جبکہ بورڈ اور فرنچائزز ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث ایونٹ منتقل پر پہلے ہی متفق ہو چکے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 کے باقی میچز کے انعقاد کیلئے پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے فرنچائزز مالکان کے ساتھ اہم میٹنگ کی جس دوران پی سی بی نے این سی او سی کے ساتھ ہونے والی میٹنگ سے متعلق فرنچائزز مالکان کو آگاہ کیا۔ کورونا کے بڑھتے ہو ئے کیسز اور متوقع لاک ڈاؤن کی وجہ سے میچز کے کراچی میں انعقاد کا امکان کم ہے جبکہ بورڈ اور فرنچائزز اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ حالات میں ایونٹ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کروایا جائے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں امارات کرکٹ بورڈ کو پہلے ہی خط لکھا جا چکا ہے کہ جون میں دبئی یا ابوظبی میں میچز کا انعقاد ممکن ہے یا نہیں؟ ای سی بی سے میچز کے شیڈول سے لے کر لاجسٹک تک تمام معاملات پر بات چیت جاری رکھی جائے گی جبکہ ان تعطیلات کے دوران پی سی بی ٹورنامنٹ کے نئے شیڈول کی تیاری پر بھی کام کرے گا۔ 
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پلیئنگ اور ٹریننگ سہولیات، ہوٹل کی بکنگ، گراؤنڈ پہنچنے کیلئے ٹرانسپورٹ اور ویزوں کے حوالے سے بھی ای سی بی سے مکمل رابطے میں رہے گا، فرنچائزز نے بھی بورڈ کے فیصلے کو سراہا ہے جبکہ امکان ہے کہ چند روز میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز یو اے ای میں کروانے کاحتمی اعلان کر دیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں