لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو پاکستان کی گرمی ستا رہی ہے، ان کا محلوں میں جانے کو دل مچل رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہباز شریف سے متعلق عدالتی فیصلے پر اپنی حکمت عملی طے کریں گے کہ مافیاز کا کیسے مقابلہ کرنا ہے، شہباز شریف کو پاکستان کی گرمی ستارہی ہے، ان کا محلوں میں جانے کو دل مچل رہا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو 8 مئی سے 5 جولائی تک بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی ہے۔ یہ اجازت 8 ہفتوں کیلئے علاج کی غرض سے دی گئی ہے اور اس حوالے سے تحریری فیصلہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل نہیں، نام بلیک لسٹ میں شامل ہے تو بھی علاج کیلئے برطانیہ جانے سے نہیں روکا جائے گا، شہباز شریف کوعلاج کیلئے ایک بار 8 مئی سے 3 جولائی تک برطانیہ جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ شہباز شریف نے علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی درخواست کی تھی جس پر آج لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی نے شہباز شریف کی نام بلیک لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی جس دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری ہوں اور علاج کیلئے بیرون ملک جانا میرا حق ہے، میں کینسر کا مریض رہا ہوں ، مجھے سال میں دو مرتبہ چیک اپ کروانا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے جلاوطنی میں یہ مرض لاحق ہوا، مجھے امریکی ڈاکٹروں نے کہا کہ لندن میں اس کا علاج کروایا جائے، میں گزشتہ 15 سال سے علاج کروا رہا ہوں، جیل میں عدالت کے حکم پر میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا جس کی میڈیکل رپورٹ میں نئے مسائل تشخیص ہوئے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ آپ بتائیں علاج میں کتنا وقت لگے گا، جس پر شہباز شریف نے کہا کہ میں پہلے بھی دو بار باہر جا کر خود واپس آیا جس پر عدالت نے کہا کہ آپ کے ریکارڈ سے ثابت ہے کہ آپ واپس آئے، اب یہ بتائیں کہ واپس کب تک آئیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کیا میں دہشت گرد ہوں کہ میرا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا، میں تین بار وزیراعلیٰ پنجاب رہا، اب قائد حزب اختلاف ہوں، مجھے جب ڈاکٹر واپسی کی اجازت دیں گے میں فوری واپس آ جاؤں گا، شہباز شریف نے عدالت میں 3 جولائی کی واپسی کا ٹکٹ پیش کر دیا۔