اسلام آباد: فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے سفرا کو بیرون ملک لیبر طبقے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں سے رابطے کا کہا اور اس پر شہباز شریف کہہ رہے ہیں لیبر کی بات نہیں کرنی چاہیے، پہلی بار ایسا ہوا کہ وزیراعظم اشرافیہ کے بجائے مزدوروں کے ساتھ ہیں، اپوزیشن اس پر راضی نہیں انہیں اپنے رویے پر نظرثانی کرنا ہو گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زیادتی کی شکار خاتون مدد کیلئے سفارتخانے پہنچی اور سفارتخانے میں موجود ایک شخص نے خاتون کو پولیس کے حوالے کرنے کا کہا، خاتون ڈر کر اسی گھر واپس آ گئی جہاں اس سے زیادتی ہوتی تھی۔ کیا ایسے سفارتخانوں کیخلاف کارروائی نہیں ہونی چاہیئے اور سفارتخانے کے عملے کیخلاف تحقیقات جاری ہیں اور ایسے واقعات پر وزیراعظم نہیں بولیں گے تو کون بولے گا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ طاقتور طبقے کو احساس دلانا ہو گا کہ کمزور طبقہ ان کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم نے تارکین وطن کے حقوق سے متعلق بات کی اور تارکین وطن کی ترسیلات کا معیشت میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن انتخابی اصلاحات کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور این اے 249 کراچی میں ہر ووٹ ٹمپرڈ ہوا جبکہ این اے 249 دوبارہ گنتی نہیں ری پولنگ کا معاملہ ہے۔