اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور کابینہ اراکین سمیت اعلیٰ سطح وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کا کہنا ہے دورے میں علاقائی اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا، وزیراعظم معیشت، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری پر سعودی قیادت سے بات کریں گے۔ دورے کے دوران متعدد دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔
خیال رہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ چار روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔ آرمی چیف کی سعودی مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی،افغان امن عمل،دفاعی سیکیورٹی، فوجی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کےامور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مزید فروغ دینےکی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی عرب تعاون کےخطے میں امن،سیکیورٹی پر مثبت اثرات ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی مسلح افواج کےسربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی نے آرمی چیف کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب امن کیلئے تمام اقدامات کی حمایت کرتا رہےگا۔